سہ فریقی ٹی 20: آسٹریلیا کی زمبابوے پر فتح

زمبابوے میں جاری سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے ایرون فنچ کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت میزبان ٹیم کو 100 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی ہے۔

آسٹریلیا نے اس میچ میں فتح کے لیے زمبابوے کو 230 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی۔

آسٹریلوی اننگز کی خاص بات ایرون فنچ کی جارحانہ اننگز تھی۔ انھوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے بڑے انفرادی سکور کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا اور 76 گیندوں پر 172 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کی اس اننگز میں 16 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔

ان کا ساتھ شارٹ نے دیا جنھوں نے 46 رنز بنائے۔ ان دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 223 رنز کی شراکت ہوئی جو کہ ٹی 20 میں کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین شراکت ہے۔

زمبابوے کے کپتان نے رنز کا بہاؤ روکنے کے لیے سات بولرز استعمال کیے لیکن ان میں سے کوئی بھی فنچ کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور وہ آخری اوور میں 172 رنز بنانے کے بعد ایک وائیڈ بال پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔

230 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز بھی جارحانہ تھا اور اس کے اوپنرز نے چار اوورز میں 42 رنز بنائے۔ تاہم اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور میزبان ٹیم کے بلے باز کوئی بڑی شراکت قائم نہ کر سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹائے تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ ایشٹن ایگر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی دوسری فتح ہے۔

اس سے قبل پیر کو اس نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں فنچ کی ہی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان کو نو وکٹوں سے ہرایا تھا۔