تلنگانہ انتخابات ‘ راہل گاندھی سے دہلی میں تلنگانہ کانگریس کے وفد کی ملاقات

حیدرآباد(یواین آئی ) صدر کانگریس راہل گاندھی سے تلنگانہ کے کانگریسی لیڈروں نے دہلی میں ملاقات کی ۔ صدر تلنگانہ کانگریس اتم کمارریڈی کے علاوہ سینئر لیڈروں بھٹی وکرمارک ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ محمدعلی شبیر‘ڈی کے ارونا‘ریونت ریڈی ‘ سمپت کمار اور دوسرے اس ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔ راہل گاندھی نے ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس ملاقات کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ تلنگانہ میں انتخابات ہونے والے ہیں جس کے لئے کانگریس عظیم اتحاد کی تشکیل کی کوششوں میں مصروف ہے۔ صدر کانگریس نے دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد اور امیدواروں کے مسئلہ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ان سے متعلق کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد اور امیدواروں کے امور پر کھلے عام اظہارخیال سے گریز کریں اور جو کچھ بھی مسائل ہیں وہ پارٹی کے انچارج کے علم میں لائیں۔
بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کے سلسلہ میں ایک اسکریننگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کے صدرنشین بھکتاچرن داس ہیں ۔ یہ کمیٹی تین ارکان پر مشتمل ہے ۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج آرسی کنتیا نے کہا کہ صدر کانگریس نے تمام لیڈروں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے رائے حاصل کرتے ہوئے کانگریس کی کامیابی کے لئے متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا۔
صدر کانگریس نے بائیں بازو کی جماعتوں سے اتحاد کے لئے اتم کمارریڈی اور دیگر اہم لیڈروں کو ذمہ داری تاہم اتحاد کے سلسلہ میں حتمی فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 10اضلاع میں راہل گاندھی کے جلسے ہوں گے۔