جموں کشمیر میں دردناک بس حادثہ ،17 افراد جاں بحق

حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ دیگر 6 افراد نے استال میں دم توڑ دیا۔
سری نگر(ایم این این )
جموں کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں جمعہ کو ایک منی بس چناب دریا میں گر جانے سے 17 افرادکی موت ہوگئی جبکہ 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ دیگر 6 افراد نے استال میں دم توڑ دیا۔
سنیئر پولیس سپر نٹنڈنٹ راجندر گپتا نے بتایا کہ کیشوان سے کشتواڑجا رہی منی بس ٹھکرائی کے نزدیک ک±ریا کیشوان سڑک سے پلٹ کر چناب دریا میں گرگئی۔ انہوں نے بتا یا کہ سبھی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے اور زخمیوں کو ضلع اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔کچھ شدید زخمیوں کو جموں منتقل کیا گیا ہے۔کشتواڑ کے ڈی سی انگریز سنگھ رانا نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے شدید طور سے زخمی لوگوں کو اسپتال پہنچانے میں سرعت دکھائی۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین کے لواحقین کو 5-5 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 50-50 روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ کشتواڑ میں ایک مہینے میں یہ تیسرا بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔