غیرملکی زبان کے بھروسے ملک ترقی نہیں کرسکتا: وینکیا نائیڈو

نئی دہلی،(یو این آئی) نائب صدر وینکیا نائیدو نے جمعہ کو کہا کہ آج ہندی سوشل میڈیا اور مواصلاتی ذرائع کی اہم زبان بن گئی ہے لیکن اسے علاقائی زبانوں کے ساتھ روزی روٹی سے جوڑ نے کی سمت میں کوشش کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ غیر ملکی زبان کے بھروسے کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔
مسٹر نائیڈو نے یہاں وگیان بھون میں ہندی دیوس تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں دنیا کی سب سے بہتر معیشتوں میں سے ایک بننے کا امکان ہے اور تمام اہل وطن کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور ملک کے ترقی میں تعاون دینے کیلئے صحیح سمت میں اپنے علم ، ہنر اور توانائی کا استعمال کرنا ہوگا۔ ایسا ہندی اور ملک کی دیگر زبانوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے ہی ممکن ہے کیوں کہ کوئی بھی ملک غیر ملکی زبان کے بھروسے پر ترقی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی زبان میں درست تعلیم، سائنس اور اسکل حاصل کرکے عظیم الشان نوجوان آبادی کو قومی اثاثہ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہندی اور علاقائی زبانوں کو لوگوں کی روزی روٹی سے جوڑا جائے یعنی اپنی زبانوں کے مطالعہ سے لوگوں کو روزگار کے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں۔