مودی حکومت میں جمہوریت کو سنگین خطرہ :رام گوپال

اٹاوہ،  (یو این آئی)سماج وادی پارٹی کے چیف جنرل سکریٹر ی پروفیسر رام گوپال یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت ملک میں جمہوریت کے لئے سنگین خطرہ ہے۔
ایس پی کے ذریعہ سماجی انصاف اور جمہوریت بچاو سائیکل ریلی کے موقع پر پروفیسر یادو نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر ویدی اور ان کی حکومت کے آمرانہ رویے کو دیکھ کر ملک کے پڑھے لکھے طبقے کو اندازہ ہوگیا ہے کہ ملک سے جمہوریت ختم ہوچکی ہے۔ آج مودی حکومت کی مخالفت کرنے کی ہمت کسی میں نہیں ہے ۔ مخالفت کرنے والے کو پتہ ہے کہ انہیں کسی نہ کسی معاملے میں پھنسا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے قتل کی سازش میں گرفتار کئے گئے پانچ معروف شخصیات کے سلسلے میں عدالت نے واضح کردیا ہے کہ حکومت کی مخالفت کرنا سیفٹی والو کی طرح ہے۔
نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے ان دواقدامات کا اتنا نقصان ہوا ہے کہ محنت کش طبقہ کی ملازمتیں ختم ہوگئی ہیں ۔ وہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کی بات کرتے ہیں لیکن سب سے زیادہ زیادتی انہیں کے ساتھ ہوتی ہے۔ بی جیپی اقتدار میں برقرار رہنے کے لئے کچھ بھی کرسکتی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما نے کہا کہ دیکھتے جائیے گا بی جے پی کے لوگ نئی پارٹیاں بھی بنائیں گے۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ سماج وادی حکومت کے ذریعہ چلائی جانے والی تمام عوامی اسکیمیں یوگی حکومت نے بدنیتی سے بند کردی ہیں۔ ایسی حکومت کوہٹانے کے علاوہ اور کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا ہے۔