VIDEO/امام حسین رضی اللہ عنہ کی تعلیمات آج بھی افادیت کی حامل ہیں : مودی

اندور،  (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی کویاد کرتے ہوئے کہا کہ سماج کی تعمیر میں ان کی تعلیمات آج بھی افادیت کی حامل ہیں۔

وزیر اعظم یہاں امام حسین کی شہادت کی یادمیں منائے جانے والے عشرہ مبارکہ کے موقع پر داؤدی بوہرہ برادری کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے امام حسین کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین ہمیشہ نا انصافی کے خلاف سینہ سپر رہے اور امن و انصاف کی سر بلندی کے لئے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین کی تعلیمات آج بھی افادیت کی حامل ہیں۔

وزیر اعظم نے داودی بوہرہ کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے ذریعہ کئے گئے کام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے تئیں محبت اور وابستگی ان کی تعلیمات کی روشن مثال ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سب کو ساتھ لے کرچلنے کی تہذیب ہندوستان کو دوسرے ملکوں سے منفرد حیثیت عطا کرتی ہے۔
ہمیں اپنے ماضی پر فخر ہے، ہمیں اپنے حال پر اعتماد ہے اور ہم اپنے روشن مستقبل کے تئیںیقین رکھتے ہیں۔