سعودی عرب میں سوپر کلاسک فٹبال ٹورنمنٹ کا آغاز

جدہ۔ 11اکٹوبر:– سعودی عرب میں سوپر کلاسک فٹبال کے نام سے دوستانہ چمپیئن شپ کھیلا جا رہا ہے جس میں برازیل، ارجنٹینا اور عراق کی ٹیمیں سعودی عرب کی ٹیم کے ساتھ ریاض اور جدہ میں میچ کھیلیں گی۔ ٹورنمنٹ 11اکتوبر کو شروع ہوچکا ہے اوریہ 16اکتوبر تک جاری رہے گا۔ تمام میچز رات 9بجے شروع ہو ں گے۔12اکتوبر کو ٹورنمنٹ کے دوسرے میچ میں برازیل کی ٹیم سعودی عرب کی ٹیم کے مقابلے میں اترے گی۔ یہ مقابلہ ریاض کی ملک سعود یونیورسٹی کے فٹبال گراونڈ پر ہوگا۔2دن آرام کے بعد 15اکتوبر کو عراق اور سعودی عرب کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہوگا۔اس ایونٹ کا آخری اور اہم میچ دونوں سابق فیفا ورلڈ کپ چمپیئن ممالک کی ٹیموں ارجنٹینا اور برازیل کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ 16اکتوبر کو جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں رات9 بجے شروع ہوگا۔ تاہم اس میچ میں ارجنٹینا فٹبالر لیونل میسی کی شرکت کے بارے میں تصدیق نہیں ہو سکی۔ ورلڈ کپ کے بعد برازیلی ٹیم پہلی مرتبہ ان دوستانہ بین الاقوامی میچوں میں شرکت کررہی ہے۔یاد رہے کہ برازیل کو ورلڈ کپ کے دوران کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے خلاف شکست ہو ئی تھی۔ فرانسیسی کلب سینٹ جرمین کیلئے کھیلنے والے نیمر جونیئر بھی ٹریننگ سیشن میں شریک ہوئے۔ ساتھی کھلاڑیوں کے پریکٹس کے دوران نیمر بہت خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور ہنسی مذاق کرتے رہے۔ سینٹ جرمین کے ساتھ نیمر اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ٹیم کے کوچ کو توقع ہے کہ سعودی عرب میں ہونے والے دونوں میچوں میں نمایاں رہیں گے۔ارجنٹیناکے کپتان لیونل میسی ورلڈ کپ سے قبل یہ اعلان کر چکے تھے کہ میگا ایونٹ نہ جیتنے کی صورت میں وہ انٹرنیشنل فٹبال سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ اس بارے میں تاحال کوئی واضح اعلان نہ ہونے کے باوجود سعودی عرب میں ہونے والے اس میچ میں ان کی شرکت کے بارے صورتحال غیر یقینی ہے۔ .