جائز / ناجائز

Shaista Mufti Farrukh _ Pakistan
=============
جائز / ناجائز

میں نے تم پر چپکے چپکے جو نظمیں بھی لکّھی ہیں
ناجائز ہیں
چھت پر بیٹھ کے خاموشی سے تاروں سے احوال کہا تھا
ان تاروں کی روشنیوں میں خواب بنے ، ناجائز ہیں
بھینی بھینی رات کی رانی مہکی تھی جب آنگن میں
اس خوشبو کو دل میں بسانا اور خوشی سے بوجھل ہونا
آنکھوں کو مخمور سا کرنا ، دھڑکن کو بے قابو کرنا
دھیرے سے اک پھول کو چھونا ۔۔۔ کیا میں کہوں ناجائز ہے ؟
بارش سے الفت رکھنے کو کہہ دیں سب ناجائز ہے
اور بھی کیا کیا ہم ناجائز کرتے ہیں اس دنیا میں
اور خموشی سے جو ہم دکھ سہتے ہیں وہ جائز ہیں ؟
کوئی ہمارے جذبوں کو کرچی کر ڈالے جائز ہے ؟
خوابوں میں رہنے والوں کو کہہ دے پاگل ! جائز ہے؟

بادل کی تصویر بنانا ناجائز۔
۔رنگوں میں کھو دینا خود کو ناجائز ۔۔۔
ناجائز کی اک لمبی تفسیر سنی ہے
کیا یہ سب نا جائز باتیں اپنے واسطے جائز ہیں ؟
اب میں سوچتی رہتی ہوں : جیتے جی مر جانا بھی کیا جائز ہے ؟
میرے خدا نے اک اک رنگ کو چن چن کر سنسار کیا ۔۔
اور اس میں انسان بسایا ۔۔
انسانوں سے پوچھتے رہنا کیا جائز اور کیا ناجائز ؟
جائز ہے ؟ ؟
قوس بناتی قوس قزح کو ۔۔
پھولوں پر بیٹھی تتلی کو ۔۔
سوچتے رہنا جائز یا ناجائز ہے ؟
یونںی سوچتے سوچتے اپنا جیون بوجھل کر لینا کیا جائز ہے ؟؟
ایسا کیسے ممکن ہے ‘ دل میں پھوٹتی مست کرن ناجائز ہو ؟؟
وجد میں رہ کر جیون کے سندر سپنے ناجائز ہیں ؟
میرے خدا نے جذبوں میں جو پیار رکھا ہے ناجائز ؟

شاید اب انسان کو پھر سے گزرے وقت میں جانا ہوگا
جیون کس کو کہتے ہیں یہ سُننا اور سمجھانا ہوگا

( شـائســتہؔ مفـتی )
‏— with Shaista Mufti Farrukh.